راولپنڈی: (دنیا نیوز) حالیہ بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ڈیم میں پانی کی سطح 1751.50 فٹ تک پہنچنے کے بعد سپل ویز کھول دیئے گئے۔
ضلعی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کر لئے گئے تھے اور اسسٹنٹ کمشنرز، مجسٹریٹس اور امدادی عملہ فیلڈ میں موجود تھا۔
انتظامیہ کے مطابق سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہنگامی اقدامات جاری ہیں، سید پور ولیج اور چٹھہ بختاور سمیت تمام متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب کا کام جاری ہے، شہریوں کو ہنگامی صورتحال میں 16 پر رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے قریبی علاقوں کے مکینوں کو الرٹ رہنے اور ندی نالوں کے قریب نہ جانے کی بھی ہدایت جاری کر دی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آنے سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، جڑواں شہروں میں چٹھہ بختاور، کری روڈ ، صادق آباد اور دیگر علاقوں میں پانی جمع ہے۔