ایرانی صدر کا پاکستان میں سیلاب سے تباہ کاریوں پر اظہار افسوس، امداد کی پیشکش

Published On 16 August,2025 06:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان نے پاکستان میں سیلاب سے ہونیوالی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا۔

اسلام آباد میں موجود ایرانی سفارتحانے کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر تعزیتی پیغام میں کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ہر طرح کے تعاون، امداد اور ریلیف فراہم کرنے کو تیار ہیں۔

ترجمان ایرانی سفارتحانے کا کہنا ہے کہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان نے پاکستانی حکومت اور عوام سے مختلف علاقوں میں آنے والے المناک سیلاب پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا، ڈاکٹر مسعود پزیشکیان نے تباہ کن سیلابوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا۔