پرویز الہٰی کی حاضری معافی کی درخواست خارج، قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

Published On 18 August,2025 12:22 pm

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور کی سپیشل سینٹرل عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، عدالت نے پرویز الہٰی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست خارج کر دی۔

سپیشل سینٹرل عدالت کے جج محمد عارف خان نیازی نے منی لانڈرنگ کے مقدمے کی سماعت کی۔

دوران سماعت پرویز الہٰی کے وکیل نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ پرویز الہٰی بیمار ہیں، ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا ہے، عدالت حاضری سے ایک دن کا استثنیٰ دے۔

عدالت نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست پر اظہار ناراضگی کیا اور پرویز الہٰی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست خارج کرتے ہوئے قابل ضمانت ورانٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے لاہور نے پرویز الہٰی سمیت دیگر کے خلاف نامکمل چالان جمع کروا رکھا ہے۔