اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جلد سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ یہ ایک بڑا کٹھن مرحلہ ہے، مصیبت کی گھڑی میں اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں، متاثرین کے دکھوں پر مرہم رکھنا ہمارا قومی فریِضہ ہے، پاک فوج سمیت تمام ادارے رات دن کام کر رہے ہیں۔
محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ متاثرین کو خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے، سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے، تمام متعلقہ اداروں اور افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، متاثرہ علاقوں میں ایک ہفتے تک لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔
وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ امدادی اشیا پر مشتمل ٹرکوں کی تعداد کو فوری دوگنا کیا جائے، وزیراعظم نے متاثرین میں امدادی رقوم کی تقسیم کیلئے ضروری کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔