پاکستان اور چین اہم شراکت دار، تعلقات مزید مضبوط بنائیں گے: چینی وزارت خارجہ

Published On 20 August,2025 11:28 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چینی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین اہم شراکت دار ہیں، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنائیں گے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات مزید وسعت اختیار کر رہے ہیں، دونوں ممالک نہ صرف مضبوط دوست ہیں بلکہ اہم امور میں ایک دوسرے کے شراکت دار بھی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ وی تین سال میں دوسری مرتبہ پاکستان کا اہم دورہ کریں گے، اس دورے کے دوران اسٹریٹجک روابط، علاقائی و بین الاقوامی امور میں ہم آہنگی اور عملی شراکت داری کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق بیجنگ اس دورے کے ذریعے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کو مزید مضبوط بنائے گا۔

ترجمان نے یاد دہانی کرائی کہ گزشتہ سال جون میں وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کا سرکاری دورہ کیا تھا جبکہ رواں سال فروری میں صدرِ پاکستان نے بھی بیجنگ کا دورہ کیا، چینی صدر اور پاکستانی قیادت دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور مستقبل میں مزید مضبوطی کیلئے پرعزم ہیں۔