چینی وزیر خارجہ نئی دہلی پہنچ گئے، 21 اگست کو پاکستان آئینگے

Published On 18 August,2025 09:40 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) چین کے وزیر خارجہ وانگ ای دورہ بھارت میں نئی دہلی پہنچ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے ملاقات ہوگی، وانگ ای بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کے ساتھ چین بھارت سرحدی مسائل پر بات چیت کے 24ویں دور میں شرکت کریں گے۔

چینی وزیر خارجہ بھارتی قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول کی دعوت پر بھارت کا دورہ کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ چینی وزیر خارجہ یہ دورہ مکمل کرکے 21 اگست کو 2 روزہ دورے پر پاکستان آ ئیں گے، وہ اس دورے میں پاکستان کی سول اورفوجی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات کے علاوہ دوطرفہ تعلقات اورعالمی وعلاقائی معاملات زیربحث آئیں گے۔

چینی وزیرخارجہ کا یہ دورہ اس لحاظ سے اہم ہے کہ وہ مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 4روزہ جنگ کے علاوہ جون میں ایران اسرائیل جنگ کے بعد یہ دورہ کررہے ہیں ،ان جنگوں کے بعد پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعلقات میں بھی گرمجوشی آئی ہے۔