اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان بار کونسل نے سپریم کورٹ کے رولز 2025 میں ترامیم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی فیسوں میں اضافہ مسترد کردیا۔
پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین محمد یاسین آزاد کی زیر صدارت ہوا، جس میں سپریم کورٹ رولز 2025 میں ترامیم بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں سپریم کورٹ کی جانب سے عدالتی فیس میں اضافے کی شدید مخالفت اور فوری واپسی کا مطالبہ کیا گیا، شرکا کا کہنا تھا کہ عدالتی فیس میں اضافہ غریب طبقے کے بنیادی حق انصاف پر حملہ ہے اور عدالتی فیس بڑھانے سے پہلے پاکستان بار کونسل کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
دوسری جانب پاکستان بار کونسل نے 27 ستمبر کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس طلب کرلی، جس میں سیاسی جماعتوں اور بار ایسوسی ایشنز کے نمائندے شریک ہوں گے۔
علاوہ ازیں بار کونسل نے جسٹس (ر) ظہور احمد شاہوانی ایڈووکیٹ کے گھر پر سی ٹی ڈی چھاپے کی شدید مذمت کی گئی ور بغیر سرچ وارنٹ گھر میں داخل ہونا آئین، قانون اور شہری آزادیوں کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
اجلاس کے آخر میں پاکستان بار کونسل کی جانب سے وکیل میاں عاصم کاکاخیل کے قتل کی شدید مذمت کی گئی۔