اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب کیس میں اپنی سزا بھگت جانے والا ملزم الزامات سے بری ہو گیا۔
سپریم کورٹ نے سردار حسین کی بریت کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا، سردار حسین کو پاکستان ٹوبیکو بورڈ میں کرپشن پر 2015 میں سزا سنائی گئی تھی۔
سابق ڈپٹی سیکرٹری سردار حسین کو تین سال قید، 45 لاکھ جرمانہ ہوا تھا، سردار حسین نے میرٹ پر بریت کیلئے اپیل دائر کی تھی۔
فیصلے کے مطابق سردار حسین قید بھگت کر رہا ہو چکے ہیں ، ملزم کیخلاف کرپشن کا کیس نہیں بنتا، بوگس چیکس بنانے کا اعتراف کیشیئر کر چکا ہے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ سردار حسین کیخلاف مالی فوائد کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، سردار حسین کے کسی خاندان میں بھی کسی پر مالی فوائد لینے کے شواہد نہیں ہیں۔
فیصلے کے مطابق سردار حسین کو تمام الزامات سے بری کیا جاتا ہے، ٹرائل کورٹ اور ہائیکورٹ کا سزا کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ سردار حسین نے 2018 سے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی تھی، بریت کا فیصلہ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے جاری کیا، 14 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جسٹس عرفان سعادت نے تحریر کیا۔