چیئرمین نیب کا ملک بھرمیں سرکاری اراضی کی بوگِس الاٹمنٹ کیخلاف گرینڈ آپریشن کا اعلان

Published On 18 July,2025 01:23 am

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے نیب لاہور میں چیک تقسیم کرنیکی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے 11880 ایڈن متاثرین میں 3 ارب 20 کروڑ مالیت کے چیک تقسیم کا آغاز کیا، چیئرمین نیب کے مطابق ایڈن سکینڈل میں 12 ارب کی ریکوری مکمل کروائی جاچکی ہے، متاثرین کے 13 ارب مالیت کے کلیمز پر 16 ارب کی پلی بارگین کروائی گئی۔

چیئرمین نیب نے بتایا کہ ایڈن متاثرین کو 23 فیصد زائد ریکوری کروائی جا رہی ہے، نیب رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں صوبائی حکومتوں کے تعاون سے متعدد ریفارمز کر رہا ہے، ملک بھر میں سرکاری اراضی کی بوگِس الاٹمنٹ کیخلاف صوبائی حکومتوں کے تعاون سے گرینڈ آپریشن کرنے جا رہے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کے مطابق نیب لاہور ابتک 236 ارب کی ریکوری کرچکا ہے، نیب لاہور نے کامیابی سے 94 ہزار متاثرین میں 233 ارب روپے تقسیم کئے، ہمارا عزم ہے کہ آنیوالے دنوں میں متاثرین کے بینک اکاؤنٹس میں ڈائریکٹ رقوم منتقل کی جائیں۔

تقریب سے خطاب میں ڈی جی نیب لاہور غلام صفدر شاہ نے کہا چیئرمین نیب کی قیادت میں نیب میں متعدد ریفارمز متعارف کروائی گئیں، ریفارمز میں کھلی کچہریوں کا انعقاد، بزنس سہولت سیل کا قیام شامل ہے، آکشن پالیسی میں تبدیلی سے ریکوری میں مدد ملی، نیب میں Land Directorate کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

تقریب کے اختتام پر چیئرمین نیب نے متاثرین کو انکی نشستوں پر جا کر چیک حوالہ کئے، چیئرمین نیب نے ایڈن سکینڈل میں کامیابی سے ریکوری کروانے والے افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے۔