پشاور: (دنیا نیوز) کوہستان میں اربوں روپے کی کرپشن کے بڑے سکینڈل میں نیب نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مرکزی ملزم محمد ایوب کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق پلی بارگین کے تحت ملزم ایک ارب 45 کروڑ روپے کی رقم واپس کرنے پر رضامند ہوا ہے، جس کی منظوری چیئرمین نیب کی جانب سے دے دی گئی ہے، محمد ایوب پر مجموعی طور پر 3 ارب 45 کروڑ روپے کی بینک منتقلیوں کا الزام ہے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نے اسلام آباد، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادیں خریدیں، جنہیں اب نیب نے منجمد کر دیا ہے اور جلد نیلامی کا عمل شروع کیا جائے گا۔
نیب کا کہنا ہے کہ پلی بارگین کی منظور شدہ درخواست تین روز کے اندر احتساب عدالت میں پیش کی جائے گی، جہاں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد وصول شدہ رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔
یاد رہے کہ یہ کیس خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ خوردبرد اور جعلی ٹھیکوں کے ذریعے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے سے متعلق ہے، جس کا تخمینہ 40 ارب روپے لگایا گیا ہے، نیب کی جانب سے اس کیس میں مزید گرفتاریوں اور ریکوری کا عمل جاری ہے۔