بلاول بھٹو کا سیلاب متاثرین کے بنائے گئے گھروں کا دورہ، مالکانہ حقوق تقسیم کئے

Published On 23 August,2025 10:40 pm

رتوڈیرو: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ کی تحصیل رتو ڈیرو کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین کے لیے بنائے گئے اور زیر تعمیر گھروں کا جائزہ لیا۔

بلاول بھٹو زرداری پارٹی رہنما فریال تالپور کے ہمراہ گاؤں خیر محمد بروہی پہنچے اور متاثرہ مکینوں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور مسائل سننے کے بعد متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے یونین کونسل وارث ڈنو میں سندھ پیپلز ہاؤسنگ سکیم کے تحت مکمل اور زیرتعمیر گھروں کا بھی معائنہ کیا۔

دورے کے دوران بلاول بھٹو زرداری گاؤں زنگیجا بھی گئے، جہاں انہوں نے شہید پولیس کانسٹیبل کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔

بعد ازاں بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرہ خاندانوں کو سندھ حکومت کی جانب سے بنائے گئے گھروں کے مالکانہ حقوق کی اسناد بھی تقسیم کیں، جس پر مقامی افراد نے اطمینان اور شکریہ کا اظہار کیا۔