لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی مزدور دوست پالیسی کے ثمرات سامنے آنے لگے، صنعتی کارکنوں کو فلیٹوں کی الاٹمنٹ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ضلع لاہور اور قصور کے صنعتی ورکرز سے فلیٹ کی الاٹمنٹ کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئیں، انتقال کرجانے والے صنعتی کارکنوں کی بیوگان کے لیے بھی 3فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے، اسی طرح معذور ورکرز کا بھی فلیٹ الاٹمنٹ میں 2فیصد کوٹہ ہوگا۔
پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ نے ورکرز ویلفیئر کمپلیکس سندر انڈسٹریل سٹیٹ قصور فیز ون میں الاٹمنٹ کی کارروائی کا آغاز کردیا، ورکرز ویلفیئر کمپلیکس میں صنعتی کارکنوں کو 720فلیٹ دیے جائیں گے۔
ضلع لاہور اور قصور کے صنعتی کارکنوں کے لئے گھر بیٹھے ویب سائٹ سے درخواست فارم حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، فلیٹ الاٹمنٹ کے لئے ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر نارتھ و ساؤتھ اور ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر قصور کے دفتر سے بھی فارم حاصل کئے جاسکتے ہیں۔
ضلع قصور کے صنعتی ورکرز کے لئے دو تہائی اور ضلع لاہور کے ورکرز کے لئے ایک تہائی ہاؤسنگ یونٹ کوٹہ مقررکیا گیا ہے، درخواستیں جمع کرانے کے لیے 8 ستمبر آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔