مریم نواز شریف کی ٹوکیو کی پہلی خاتون نائب گورنر ماتسوموتو آکیکوسے ملاقات

Published On 21 August,2025 05:24 pm

ٹوکیو: (دنیا نیوز) پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ٹوکیو کی پہلی خاتون نائب گورنر ماتسوموتو آکیکوسے ملاقات ہوئی۔

ٹوکیو کی پہلی خاتون نائب گورنر ماتسو موتو آکیکو نے پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے پر مریم نوازشریف کو مبارک دی، ملاقات میں پاکستان اور جاپان کی خواتین لیڈرشپ کے درمیان روابط کے فروغ پر اتفاق ہوا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے محترمہ ماتسو موتو آکیکو کو ٹوکیو کی پہلی خاتون نائب گورنر بننے پر مبارک دی، خواتین کے قائدانہ کردار میں پاکستان اور جاپان کی قدر مشترک ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ جاپان حکومت میں 35 سال سے خدمات عامہ میں آپ کا کردار قابل فخر اور لائق تحسین ہے۔

دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور جاپان میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا، ملاقات میں پنجاب اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون، مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے آغاز پر گفتگو، ستھرا پنجاب کو ٹوکیو کی ’کلین اتھارٹی ‘ کی طرز پر استوار کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انفراسٹرکچر، شہری ترقی، قابل تجدید انرجی اور صاف پانی کے شعبوں میں جاپان کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ چاہتے ہیں۔

ملاقات میں مریم نواز نے عوام کو سفر کی بہترین سہولت ، پنجاب کو صاف اور سرسبز بنانے کے منصوبوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے انقلابی منصوبے شروع کئے ہیں، جاپان ترقی اور اقدار کا شاندار امتزاج اور قابل رشک مثال ہے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ٹوکیو میٹروپولیٹن آفس آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔