گلگت: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان کی حکومت نے کہا ہے کہ تالی داس کے مقام پر متاثرہ خاندانوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے، صاف پانی و بجلی اور مواصلات کے نظام کی بحالی میں کافی پیش رفت ہوئی ہے۔
ترجمان جی بی حکومت فیض اللہ نے بتایا کہ شاہراہ غذر کی بحالی پر کام شروع کر دیا گیا ہے، تالی داس میں متاثرین کے لیے خیمے لگائے گئے ہیں، تالی داس کے بے گھر مکینوں کی آباد کاری کا واحد حل متبادل گاؤں کا قیام ہے، صوبائی حکومت تالی داس متاثرین کے لیے وفاق کے ساتھ مل کر متبادل گاؤں بنائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے متعلقہ اداروں کو بحالی آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، تالی داس میں بننے والی مصنوعی جھیل میں پانی کم ہو رہا ہے، چٹورکھنڈ دائن کے مقام پر قدیمی پل کا متبادل حال اب تک نہیں نکل سکا ہے۔
یہ بھی بتایا کہ دائن پل بحال نہ ہونے سے 3 ہزار افراد کی بستی شہر سے کٹ کر رہ گئی ہے، حکومت عارضی کشتیوں کے ذریعے لوگوں کی مدد کر رہی ہے، میں نے خود آج تالی داس اور دائن کا دورہ کیا ہے، دائن چٹورکھنڈ پل کی تعمیر کیلئے وفاقی حکومت کا بھی تعاون درکار ہے۔
فیض اللہ نے آگاہ کیا کہ دائن کے متاثرین کے لیے صاف پانی بحال کیا گیا ہے، بجلی بحالی جزوی پور پر ہوئی ہے، مزید کام جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ انسانی جانیں بچانے والے چرواہوں کو وزیراعظم کی ہدایت پر اسلام آباد روانہ کر دیا ہے، چرواہوں سمیت جی بی کے باہمت رضاکاروں کیلئے جلد وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں اعزازی تقریب منعقد کریں گے، انہیں اعزازات اور اسناد سے نوازیں گے۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے عزم کیا کہ صوبائی حکومت متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔