کراچی :(دنیا نیوز) امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہچرا اٹھانے سے لیکر ہر ادارے میں کرپشن ہے ۔
شہر قائد میں نکالی گئی حقوقِ کراچی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر کا کہنا تھا کہ ہماری مزاحمت کل بھی جاری تھی آج بھی جاری ہے، شہر کراچی کے حق کے لیے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس کے قریب موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہرِ قائد کا برا حال کر دیا ہے، ہم یہاں کے ہر مسئلے کو اپنا سمجھتے ہیں، ہم اپنا حق لے کر رہیں گے، ابھی ہم یہاں پر ہی بیٹھیں گے، اپنے شہر کا حق لیے بغیر یہاں سے نہیں اٹھیں گے۔
ضلعی امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ شہر کے منصوبے ایک سال تک بھی پورے ہوتے نظر نہیں آرہے، کراچی بلڈنگ اتھارٹی کو سندھ بلڈنگ اتھارٹی بنا دیا گیا، شہریوں کے لیے بنیادی ڈھانچہ بنایا جائے، آج پیپلزپارٹی کہاں ہے؟
قبل ازیں جماعتِ اسلامی کا مارچ پریس کلب سے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس پہنچا، شرکاء ریلیوں کی شکل میں پہنچے تھے، ریلی شاہین کمپلیکس سے ہوتی ہوئی سی ایم ہاؤس کی طرف بڑھی۔
اس موقع پر پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد پریس کلب پر تعینات تھی جب کہ پی آئی ڈی سی کے مقام پر راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے گئے۔