پنجاب : غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کی شامت آگئی، ایک گرفتار

Published On 03 September,2025 08:08 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب میں غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے گرد شکنجہ سخت کردیا گیا، نجی ہاؤسنگ سکیم کا مالک گرفتار کرلیا گیا۔

پنجاب کے محکمہ اینٹی کرپشن نے سیلاب کی تباہ کاریوں پرغیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے گرد شکنجہ سخت کردیا اور ایک نجی ہاؤسنگ سکیم کے مالک کو گرفتار کرلیا۔

میڈیا سے  گفتگو میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) محکمہ اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ کا کہنا تھاکہ سیلاب کی تباہ کاریوں پرغیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے گرد شکنجہ سخت کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روڈا اور ایل ڈی اے کو سمن جاری کر دیے گئے ہیں اور دونوں محکموں سے ہاؤسنگ سکیموں کا ریکارڈ طلب کر لیا گیا، دریائے راوی کے اطراف بنائی گئی ہاؤسنگ سکیموں کا ریکارڈ منگوا لیا ہے۔

ڈی جی سہیل ظفر چٹھہ کا کہنا تھاکہ ایک نجی ہاؤسنگ سکیم کے مالک کو گرفتار کرلیا ہے، اس ہاؤسنگ سوسائٹی کے بنانے میں ایل ڈی اے افسران بھی ملوث ہیں، ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک پر 8 ارب روپے دبئی منتقل کرنے کا الزام ہے۔

انہوں نے مزید بتایاکہ 11ہزار کنال کی یہ غیرقانونی ہاؤسنگ سکیم ٹھوکرکے نزدیک بنائی گئی ہے، تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے اور سادہ لوح افراد کو غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں سے پیسے واپس دلائیں گے۔