رواں سال کا دوسرا چاند گرہن 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب ہوگا

Published On 04 September,2025 02:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال کا دوسرا مکمل چاند گرہن 7 اور 8 ستمبر کے درمیان ہوگا جس کا مشاہدہ پاکستان میں بھی کیا جا سکے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق 7 ستمبر کو رات 8 بجکر 28 منٹ پر چاند کی روشنی مدہم ہونے لگے گی جبکہ چاند کو جزوی گرہن لگنے کا آغاز 9 بجکر 27 منٹ پر ہوگا، مکمل گرہن کا آغاز 10 بجکر 31 منٹ پر ہوگا اور 11 بجکر 12 منٹ پر اپنے عروج پر ہوگا۔

مکمل گرہن کا اختتام 11 بجکر 53 منٹ پر ہوگا جبکہ جزوی گرہن 12 بجکر 57 منٹ پر ختم ہوگا، چاند گرین اپنے مکمل اختتام کو 1 بج کر 55 پر پہنچے گا۔

چاند گرہن کا مشاہدہ یورپ، ایشیا، آسٹریلیا، افریقہ، شمالی امریکا کے مغربی حصے، جنوبی امریکا کے مشرقی حصے میں کیا جا سکے گا، علاوہ ازیں بحرالکاہل، بحرِ اوقیانوس، بحرِ ہند، آرکٹک اور انٹارکٹیکا میں بھی چاند گرہن دیکھا جا سکے گا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 21 اور 22 ستمبر کو رواں سال کا دوسرا اور آخری جزوی سورج گرہن ہوگا، سورج گرہن آسٹریلیا کے جنوبی حصے بحرالکاہل، بحرِاوقیانوس اور انٹارکٹیکامیں دیکھا جا سکے گا تاہم سورج گرہن کا مشاہدہ پاکستان میں نہیں کیا جاسکے گا۔