نوشہرو فیروز: (دنیا نیوز) نوشہرو فیروز میں تیز رفتار ٹرالر نے کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق افسوس ناک واقعہ نوشہرو فیروز میں سدھوجا کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرالر گاڑی سے جا ٹکرایا، حادثے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے، دو مرد اور تین خواتین شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت علی احمد جانوری کے طور پر ہوئی ہے، جو ضلع خیرپور کے گاؤں لقمان جان محمد جانوری کا رہائشی تھا، علی احمد جانوری کے والد غلام محمد جانوری کی کراچی میں وفات ہوگئی تھی اور وہ اپنے والد کی میت کو گاؤں لے جا رہے تھے کہ یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق علی احمد جانوری کی بیوی شبیراں اور بیٹی اسماء بھی حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں، میتیں ان کے آبائی گاؤں روانہ کر دی گئیں ہیں۔