لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ نشست پر ضمنی انتخاب میں رانا ثنا اللہ سینیٹر منتخب ہو گئے۔
رانا ثنا اللہ 250 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہی، اس دوران 251 ووٹ کاسٹ ہوئے، ایک ووٹ مسترد ہوا۔
پولنگ کا عمل پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں ہوا، مسلم لیگ (ن) اور حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے رانا ثناء اللہ امیدوار تھے جبکہ اپوزیشن نے اعجاز چودھری کی اہلیہ سلمیٰ اعجاز کو نامزد کیا تھا۔
سینیٹ ضمنی انتخاب کے بعد نئی پارٹی پوزیشن
رانا ثنا اللہ کی جیت کے بعد ن لیگ کی سینیٹ میں 21 نشستیں ہوگئیں، پیپلز پارٹی کی 26 اور پی ٹی آئی کی 21 نشستیں ہیں۔
جے یو آئی ف 7، بلوچستان عوامی پارٹی 4، اے این پی کی 3، ق لیگ، نیشنل پارٹی، ایم ڈبلیو ایم کی ایک ایک نشست اور سینیٹ میں 6 آزاد اراکین ہیں۔
خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی ایک جنرل نشست پر انتخابی شیڈول جاری ہونا باقی ہے۔
شہباز شریف جو بھی ذمہ داری دیں گے، دیانت داری سے نبھاؤں گا: رانا ثنا
مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شہباز شریف جو بھی ذمہ داری دیں گے اس کو دیانت داری سے نبھاؤں گا، میں پہلے بھی اپنی ذمہ داری دیانت داری سے سرانجام دے رہا ہوں۔
سینیٹ انتخاب میں کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے سیاسی اور جمہوری پراسییس کا بائیکاٹ کرکے الیکشن سے راہ فرار اختیار کی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے کاغذات داخل کئے پڑتال کا پراسس مکمل کیا پھر وہ ہائیکورٹ چلے گئے سٹے لینے کے لئے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جب تحریک انصاف کو ہائیکورٹ سے ناکامی ہوئی تو انہوں نے بائیکاٹ کا راستہ اختیار کر لیا، تحریک انصاف کا بائیکاٹ کرنا اپنے ممبران پر عدم اعتماد ہے۔
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ تحریک انصاف کو خوف تھا اگر وہ ووٹ کاسٹ کرواتے تو ان کے 10 سے 12 ممبران نے مجھ سے رابطہ کیا تھا، وہ مجھے ووٹ کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میں نے ان کو منع کیا تھا مجھے ووٹ کاسٹ نہ کریں، اپنے امیدوار کو ووٹ کاسٹ کریں۔
انہوں نے کہا کہ کیبنٹ وزیراعظم کی ٹیم ہوتی ہے، میں کیبنٹ کا حصہ ہوں، کیبنٹ کا ہر وزیر اپنی ذمہ داری اچھے انداز سے نبھا رہا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایسا نہیں ہوتا کہ ایک دوسرے کی جگہ تبدیل کر دی جائے، تمام وزرا اپنی اپنی جگہ پر ٹھیک کام کر رہے ہیں۔