لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ آج ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹ پول کرنے کا وقت 9 سے 5 بجے تک بلا تعطل ہو گا، ووٹنگ کا عمل پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں ہو گا، ن لیگ اور حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے رانا ثناء اللہ امیدوار ہیں، اپوزیشن کی جانب سے اعجاز چودھری کی اہلیہ سلمی اعجاز امیدوار ہیں۔
اِسی طرح جیتنے کے لئے امیدوار کو 180 ووٹ درکار ہوں گے، پنجاب اسمبلی میں کل اراکین کی موجودہ تعداد 363 ہے جبکہ 8 نشستیں خالی ہیں، چھ اپوزیشن ارکان نااہل قرار پائے تھے جب کہ 1ارکن نے ابھی تک حلف نہیں لیا اور ایک نشست کا معاملہ عدالت میں ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ رانا ثناء اللہ کو 263 ووٹوں کی حمایت حاصل ہے، اپوزیشن سے سلمیٰ اعجاز کو 100 ووٹوں کی حمایت حاصل ہے،مسلم لیگ ن کے229، پیپلز پارٹی کے 16، آئی پی پی 7، مسلم لیگ ق کے 11 ووٹ ہیں۔
اِسی طرح سنی اتحاد کونسل کے 73، پاکستان تحریک انصاف کے ووٹوں کی تعداد 24 ہے،تحریک لبیک،مسلم لیگ ضیا اور مجلس وحدت المسلمین کا ایک ایک ووٹ ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے، اپوزیشن ووٹ کاسٹ نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہدایات جاری کر چکا ہوں، کل اپوزیشن کا کوئی رکن اگر اسمبلی گیا تو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو گا، کاغذات نامزدگی وقت ختم ہونے کے باعث واپس نہیں لے سکے۔
واضح رہے سینیٹ کی نشست اعجاز چودھری کو 9 مئی کیسز میں سزا کے باعث خالی ہوئی تھی۔