لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف ہرجانے کے کیس میں جلد جرح مکمل کرنے کی استدعا کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے دعوے پر سماعت سیشن کورٹ لاہور میں ہوئی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے پوچھا کیا آپ نے لیگل نوٹس بھجوایا تھا؟ جس پر شہبازشریف کے وکیل نے جواب دیا جی میں نے لیگل نوٹس بھیجا تھا، کوریئر کمپنی کے ذریعے لیگل نوٹس ارسال کیا گیا تھا۔
ویڈیو لنک پر موجود وزیراعظم شہباز شریف نے کہا میں کل خصوصی دورے پر قطر میں تھا، اس کیس کے لیے رات کو واپس آیا ہوں، جج صاحب آپ بھی مصروف ہیں، دیگر کیسز بھی نمٹانے ہوتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں سیلابی صورتحال ہے، سیلاب اب سندھ میں داخل ہو رہا ہے، صوبے اور وفاق نے کس طرح مل کر کام کرنا ہے، زرعی ایمرجنسی کا اعلان کیا، آج بھی ایک گھنٹے سے آپ کے سامنے حاضر ہوں، اس کیس پر جرح مکمل کر لیں۔
وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ لیگل نوٹس بھجوانے کی رسیدوں پر آپ کا نام نہیں ہے، جس پر شہباز شریف نے کہا کہ جی درست ہے میرے وکیل کا نام ہے جو رسیدیں ہیں وہ لیگل ریکارڈ کا حصہ ہیں۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ رسیدوں پر یہ بھی نہیں لکھا یہ لیگل نوٹس کس شخص نے وصول کیا، جس پر شہباز شریف نے جج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی رسیدیں ہیں وہ آپ کے سامنے ہیں۔