اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے ترک وزیر دفاع یاسر گولر کی ملاقات ہوئی، وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت رخ پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ترک وزیر دفاع یاسر گولر اور ان کے وفد کے ارکان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا۔
وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں ترکی کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
چین میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر صدر رجب طیب ایردوان اردوان کے ساتھ اپنی حالیہ بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے قیادت کی سطح سمیت تمام سطحوں پر متواتر روابط کے ذریعے پاک ترک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی احترام سے جڑے ہوئے ہیں، وزیر اعظم نے خاص طور پر مشترکہ کوششوں کے ذریعے دو طرفہ تجارت میں 5 بلین امریکی ڈالر کے باہمی متفقہ ہدف کے حصول کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے ترک کمپنیوں کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کا دائرہ بڑھانے کی دعوت بھی دی۔
دونوں اطراف نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کے لیے اپنی مضبوط اور مستقل حمایت کا اعادہ کیا اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید بہتر کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم کی جانب سے ترک وزیر دفاع یاسر گولر اور پاک ترک مشترکہ وزارتی کمیشن کے اراکین کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔