وزیراعظم کی امیر قطر سے ملاقات، اسرائیلی جارحیت کی مذمت، امن کیلئے اتحاد کا عزم

Published On 11 September,2025 05:28 pm

دوحہ: (دنیا نیوز) قطر پر اسرائیلی حملے کے تناظر میں اظہار یکجہتی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کا ایک روزہ دورہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف نے 9 ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی۔

شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے درمیان تاریخی اور برادرانہ رشتوں کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے،دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے غزہ میں قیام امن کی کوششوں میں قطر کے ذمہ دارانہ و تعمیری ثالثی کے کردار کو سراہا۔

شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی جارحیت کی ایسی کارروائیوں کا مقصد واضح طور پر علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانا اور جاری سفارتی اور انسانی کوششوں کو خطرہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قطر کی درخواست پر پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی حالیہ پیش رفت پر بات کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی۔

شہباز شریف نے 15 ستمبر کو غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کے قطر کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا، وزیر اعظم نے رواں سال کے آغاز میں ہندوستان کی پاکستان پر بلاجواز جارحیت کے دوران پاکستان کے لئے قطر کی بھرپور حمایت پر امیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

قطر کے امیر نے اظہار یکجہتی کے لیے دوحہ کا دورہ کرنے کے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن کو فروغ دینے، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت میں قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

دورے میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

بعد ازاں وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنا ایک روزہ دورہءِ قطر مکمل کرکے پاکستان پہنچ گئے۔