یمن: اسرائیلی حملوں میں 9 افراد شہید، حوثیوں کا جارحیت ناکام بنانے کا دعویٰ

Published On 10 September,2025 11:04 pm

صنعا: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثیوں کے مختلف مقامات پر حملے کیے ہیں جبکہ حوثیوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے فضائی دفاعی نظام نے اسرائیلی کارروائی کا کچھ حصہ پسپا کر دیا ہے۔

نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے صنعا میں مرکزِ صحت اور ضلع الحزم میں سرکاری عمارت پر فضائی حملہ کیا جس میں 9 افراد شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے تازہ حملوں کے حوالے سے بتایا کہ جنگی طیاروں نے صنعا اور الجوف میں مختلف مقامات پر فوجی کیمپ، آئل ڈپو اور ایک میڈیا آفس کو نشانہ بنایا گیا۔

حوثیوں کا اسرائیلی جارحیت ناکام بنانے کا دعویٰ

دوسری جانب حوثی فورسز کے ترجمان یحییٰ سریع نے کہا ہے کہ گروپ کا فضائی دفاعی نظام اس وقت اسرائیلی جنگی طیاروں کا مقابلہ کر رہا ہے، اسرائیلی جارحیت کے خلاف زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل استعمال کیے اور کچھ اسرائیلی طیارے ہتھیار فائر کرنے سے پہلے ہی واپس جانے پر مجبور ہو گئے۔

ترجمان حوثی فورسز نے الزام لگایا کہ اسرائیل غزہ کی حمایت کو ترک کرنے کےلیے ہم پر دباؤ ڈالنےکی کوشش کر رہا ہے، ہماری فورسز نے عہدکیا کہ اسرائیل کے خلاف آپریشن اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک کہ صہیونی حکومت غزہ میں ’نسل کشی پر مبنی جنگ‘ ختم نہیں کرتی۔