غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بربریت جاری، مزید 70 فلسطینی شہید

Published On 11 September,2025 09:56 pm

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں میں مزید 70 فلسطینی شہید ہوگئے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں میں شدت آتی جارہی ہے اور حملوں میں صبح سے اب تک 70 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق شہدا میں سے 27 افراد غزہ سٹی میں صہیونی حملوں کا نشانہ بنے جہاں علاقے پر قبضے کرنے اور 10 لاکھ لوگوں کو بے دخل کرنے کے لیے اسرائیلی فوج حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یمن پر اسرائیل کے حملے میں شہید افراد کی تعداد 35 ہوگئی، 130 زخمی

غزہ کے سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل کا کہنا ہے کہ اسرائیل دانستہ طور پر غزہ سٹی کے گنجان آباد محلوں میں گھروں اور رہائشی عمارتوں پر بمباری کر رہا ہے تاکہ شہریوں کو مرکز اور پٹی کے جنوبی حصے کی طرف فرار ہونے پر مجبور کیا جائے، حالانکہ ان علاقوں میں انسانی صورتحال پہلے ہی تباہ کن ہے۔

جبری انخلا کے نوٹس پانے والے خاندانوں نے بتایا کہ انہیں شہر کے اندر پناہ گاہ تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور اکثر وہ فضائی حملوں کے دوران اپنی جانیں خطرے میں ڈال کرچند گھنٹوں میں اپنے تباہ شدہ گھروں کو واپس لوٹ آتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا نیتن یاہو فون، قطر پر حملے کو غیر دانش مندانہ قرار دیدیا

محمود بصل نے خبردار کیا کہ فلسطینیوں کو ضرورت کی بنیادی اشیاء سے محروم، گنجان آباد بے دخلی کیمپوں میں دھکیلنا بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ اسرائیل پر اس جبری بے دخلی کی پالیسی کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔

اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے (یونیسف) کے مطابق غزہ میں اسکرین کیے گئے بچوں میں شدید غذائی قلت کا شکار پائے جانے والے بچوں کا تناسب اگست میں بڑھ کر 13.5 فیصد کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا، جو جولائی میں 8.3 فیصد تھا، غزہ سٹی میں یہ شرح اس سے بھی زیادہ رہی اور اگست میں 20 فیصد تک جا پہنچی۔