شہباز شریف سے چیئرمین سٹیٹ ایجنسی فار پبلک سروس اینڈ سوشل انوویشن، آذربائیجان کی ملاقات

Published On 10 September,2025 09:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سٹیٹ ایجنسی فار پبلک سروس اینڈ سوشل انوویشن، آذربائیجان (SAPSSI) کے چیئرمین الووی مہدییو کی ملاقات ہوئی، اسلام آباد میں SAPSSI کے اشتراک سے آسان خدمت مرکز قائم کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورۂ آذربائیجان کے دوران باکو میں آسان خدمت مرکز کا دورہ کیا تھا جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد میں اسی طرز پر آسان خدمت مرکز قائم کرنے اور اس حوالے سے آذربائیجان سے تعاون حاصل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان آج دوستی کا نیا سنگ میل طے ہونے جا رہا ہے، آسان خدمت مرکز کے قیام سے اسلام آباد کے شہریوں کو کئی محکموں کی سروسز ایک چھت تلے دستیاب ہوں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کی خدمت پر مبنی یہ سروس سینٹر شہری سہولیات میں ایک انقلابی قدم ہوگا، آسان خدمت مرکز کے لئے شفاف اور میرٹ پر تعیناتیاں کی جائیں۔

شہباز شریف نے بزنس سہولت مرکز اور آسان خدمت مرکز کو ضم کرنے کے حوالے سے بھی حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ آسان خدمت مرکز حکومت کی کیش لیس معیشت پالیسی کو آگے لے جانے میں مددگار ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں آسان خدمت مراکز کا دائرہ کار مزید شہروں میں بھی پھیلایا جائے گا، آذربائیجان کے صدر کی الہام علیوف اور آذربائیجان کی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس منصوبے کے لئے اپنی خدمات پیش کیں اور ماہرانہ رائے اور نگرانی مہیا کیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر ہاؤسنگ ریاض پیرزادہ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں سٹیٹ ایجنسی فار پبلک سروس اینڈ سوشل انوویشن، آذربائیجان اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے درمیان اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کے قیام کے حوالے سے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے۔