شمالی وزیرستان: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع بھر میں دو دن کے لیے مکمل کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان کے مطابق کرفیو 13 اور 14 ستمبر (ہفتہ، اتوار) کو نافذ العمل ہوگا۔
ضلعی افسر نے بتایا کہ کرفیو کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا،کرفیو کے دوران تمام تجارتی مراکز، بازار اور مارکیٹس مکمل طور پر بند رہیں گی، اِس کے علاوہ ضلع کی حدود میں ہر قسم کی عوامی نقل و حرکت پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کا احترام کریں اور کرفیو کے دوران اپنی تمام روزمرہ سرگرمیاں روک دیں،اُنہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھروں تک محدود رہیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔