شیخ رشید کا راشد شفیق کے والد کی طبیعت خراب ہونے پر تشویش کا اظہار

Published On 17 September,2025 11:44 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے راشد شفیق کے والد کی طبیعت کی خرابی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں قسم کھاتا ہوں راشد شفیق نے فیصل آباد دیکھا نہیں، راشد شفیق کو فیصل آباد میں ہونے والی حالیہ مشکلات کا علم نہیں ہے، راشد شفیق اپنی والدہ کے جنازے میں بھی شریک نہ ہو سکے تھے اور اب ان کے والد کی حالت بھی خراب ہوگئی ہے۔

انہوں نے حکومت کی سخت پالیسیوں اور مہنگائی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر دس سال قید ہو رہی ہے، جبکہ مہنگائی اور سیلاب کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے ارباب اختیار سے درخواست کی کہ وہ عام آدمی کو معافی دیں اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کریں تاکہ غریب آدمی کو کم از کم کچھ ریلیف مل سکے، حکومت کو غریب عوام کی حالت زار پر رحم کرنا چاہیے اور ان کے مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے چاہئیں۔