متاثرین کیلئے مزید خیموں اورچیزوں کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں: چیئرمین سینیٹ

Published On 19 September,2025 05:28 pm

جلالپور پیروالا:(دنیا نیوز) قائم مقام صدر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے متاثرین کیلئے مزید خیموں اور بنیادی چیزوں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

پنجاب کے شہر جلال پور پیر والا کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی متاثرین کےلیےامدادی سرگرمیاں قابلِ ستائش ہیں،سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں میں مزید تیزی لانی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کےلیےپرعزم ہیں، سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کی مدد کرنے کی ضرورت ہے، جنوبی پنجاب ملتان، مظفرگڑھ اور بہاولپور کے علاقے سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، سیلاب متاثرین کے یتیم بچوں کی ہوم سوئٹس مکمل کفالت کرے گا۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو تجویز دی سیلاب زدہ علاقوں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم بینک اکاؤنٹس میں بھیجی جائے، وزیراعظم کو متاثرین کے بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کی بھی تجویز دی ہے۔

یوسف رضا گیلانی نےکہا کہ متاثرین کیلئے مزید خیموں اور بنیادی چیزوں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، تمام ادارے بہتر انداز سے اپنا کام سر انجام دے رہے ہیں، یہ تنقید کا وقت نہیں ہے، جانوروں کے چارے اور ونڈے کے انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

قبل ازیں اُنہوں نے ایم فائیو موٹروے کے متاثرہ حصہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں این ایچ اے کے اعلیٰ افسران کی جانب سے برینفگ دی گئی بعد ازاں چک 84 ایم فلڈ ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا ،اس موقع پروفاقی وزیر رانا محمد قاسم نون، ایم این اے سید عبد القادر گیلانی، پاکستان ہوم سویٹ چیرمین زمرد خان بھی ہمراہ تھے۔