ایران کے نیوکلیئر پروگرام کا معاملہ پُرامن طریقے سے حل کیا جائے: پاکستانی مندوب

Published On 19 September,2025 09:12 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام کا معاملہ پُرامن طریقے سے حل کیا جائے۔

پاکستانی مندوب عاصم افتخار کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فریقین کے درمیان باہمی اعتماد کی بحالی کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، کشیدگی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنادے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایران پر پابندیاں ختم کرنے کی قرارداد مسترد کر دی

عاصم افتخار نے کہا کہ پابندیاں معاملات میں مزید بگاڑ پیدا کر سکتی ہیں، ڈائیلاگ اور سفارتکاری کو مزید وقت دینا چاہیے۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ فریقین کو حقائق پر مبنی اور مثبت اپروچ کی ضرورت ہے، ایسی کارروائی کی حمایت نہیں کریں گے جس سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہو۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ خطے میں پہلے ہی کرائسز ہیں مزید تنازعات کو برداشت نہیں کیا جاسکتا، پُرامن مذاکرات کو کبھی ترک نہیں کرنا چاہئے۔