لاہور ہائیکورٹ: بجلی چوری پر سزا یافتہ شہری شک کے فائدے پر بری

Published On 20 September,2025 10:44 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے بجلی چوری کے مقدمے میں ایک سال تین ماہ کی سزا کے ملزم کو بری کردیا، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ملزم غلام جعفر کی اپیل پر تحریری فیصلہ جاری کیا۔

عدالت نے ملزم غلام جعفر کی ایک سال تین ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کے خلاف اپیل منظور کرلی، عدالت نے ملزم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالتی فیصلہ کے مطابق پراسیکیوشن کی سٹوری میں بہت سے ابہام ہیں، پراسیکیوشن کے پاس مناسب میٹریل نہیں ہے، ایف آئی آر کے مطابق ملزم ڈائریکٹ مین بجلی کی تاروں سے بجلی چوری کررہا تھا جبکہ پراسیکیوشن کے مطابق گپیکو کی ٹیم نے چھاپہ مارا اور بجلی چوری پکڑی۔

فیصلہ میں مزید لکھا گیا کہ ٹیم نے موقع سے بجلی کا میٹر اتارا اور مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی، حافظ آباد پولیس نے بجلی چوری کا مقدمہ درج کیا اور ٹرائل کورٹ نے ملزم کو ایک سال تین ماہ اور جرمانے کی سزا سنائی۔