چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی میزبانی میں قومی عدالتی پالیسی کی سب کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

Published On 19 September,2025 03:00 am

لاہور: (محمد اشفاق) عدالتی اصلاحات، سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کا مشن، قومی عدالتی پالیسی کی سب کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، اجلاس کی میزبانی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کریں گی۔

سائلین کو سستے اور بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے، عدلیہ مین آئی ٹی سے استفادہ حاصل کرنے اور ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں اہم اجلاس آج ہوگا جس میں ملک بھر کی ہائیکورٹس کی نمائندگی ہوگی، اجلاس لاہور ہائیکورٹ کی لائبریری ہال میں ہوگا۔

اجلاس کی میزبانی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کریں گی، اجلاس کی صدارت سپریم کورٹ کے جسٹس ریٹائرڈ رحمت حسین جعفری کریں گے، اجلاس میں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ شرکت کریں گے، اجلاس میں لاہور، سندھ، پشاور، بلوچستان اور اسلام آباد ہائیکورٹس کے رجسٹرار شرکت کریں گے۔

جبکہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم سائلین کو سستے انصاف کی برقت فراہمی سے متعلق اہم اقدامات کررہی ہیں جس سے زیر التوا کیسز کو بروقت نمٹانے میں مدد مل رہی ہے۔

فوجداری، سول ، دیوانی، کمرشل اور فیملی کیسز نمٹانے سے متعلق بھی ٹائم فریم دیدیا گیا ہے جس کے مطابق ماتحت عدلیہ کے ججز کیسز کو بروقت نمٹاتے ہوئے سائلین کو انصاف فراہم کررہے ہیں اور اس حوالے سے وکلا تنظیموں کی جانب سے چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کے اقدامات کو سراہا گیا۔