لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں دیرینہ دشمنی پر ایک شہری کو قتل کر دیا گیا جبکہ 3 راہگیر شدید زخمی ہوگئے۔
لاہور کے علاقے مناواں اعوان ڈھائے والا میں دیرینہ دشمنی دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 28 سالہ نوجوان فیاض موقع پر دم توڑ گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، زخمی افراد کی شناخت لیاقت، وقاص اور ایک نامعلوم شخص کے طور پر ہوئی ہے، جنہیں فوری طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے جاں بحق ہونے والے فیاض کی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس مختلف پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔