پشاور: صوبائی وزیر نیک محمد خان اور سیکرٹری تعلیم کے درمیان تنازع حل

Published On 22 September,2025 09:10 am

پشاور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر نیک محمد خان اور سیکرٹری تعلیم خالد خان کے درمیان پیدا ہونے والا تنازع بالآخر وزیراعلیٰ ہاؤس میں کامیاب مذاکرات کے بعد حل ہوگیا۔

دونوں شخصیات کے درمیان یہ تنازع ضلع ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) زنانہ کی پوسٹنگ کے معاملے پر اٹھا تھا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے زیرِ نگرانی مذاکرات کے دوران صوبائی وزیر نیک محمد خان نے نظام کی شفافیت اور میرٹ کی بالادستی پر زور دیا اور تعیناتی سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی پر اپنے تحفظات پیش کئے، صوبائی وزیر کے تحفظات کو تسلیم کیا گیا اور معاملہ خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وقتی طور پر کشیدگی پیدا ہوئی تھی، تاہم اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا، وزراء، عوامی نمائندے اور سرکاری ملازمین کو ایک ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ صوبے کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔

صوبائی وزیر نیک محمد خان نے بھی اس معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر وزیراعلیٰ سمیت دیگر تمام شخصیات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کا مقصد کسی شخص یا ادارے کی مخالفت نہیں بلکہ نظام کو بہتر بنانا اور میرٹ کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے۔