کوہستان میگا سکینڈل میں بڑی پیشرفت: مرکزی ملزم کی پلی بارگین کی درخواست

Published On 22 September,2025 09:07 am

پشاور: (ذیشان کاکاخیل) کوہستان میگا اسکینڈل میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، سی اینڈ ڈبلیو داسو کوہستان کے ہیڈ کلرک قیصر اقبال نے پلی بارگین کے لیے احتساب عدالت میں درخواست جمع کرا دی۔

نیب ذرائع کے مطابق ملزم نے اپنے بینک اکاؤنٹس اور اربوں روپے کے اثاثوں کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم دل، پھیپھڑوں اور کینسر کے عارضے میں مبتلا ہے اور اس وقت ایبٹ آباد میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج ہے، ملزم نے شدید بیماری کے باعث پلی بارگین کی درخواست منظور کرنے کی استدعا کی ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق قیصر اقبال نے واجب الادا تمام رقم ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ اس کے 10 ارب روپے سے زائد کے اثاثے اور بینک اکاؤنٹس موجود ہیں، ملزم نے اپنے اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس کی مکمل جانچ پڑتال کی بھی درخواست کی ہے۔

ذرائع کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ قیصر اقبال کی پلی بارگین کی درخواست ایک دو روز میں منظور کیے جانے کا امکان ہے۔