جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری سے متعلق درخواستیں عدم پیروی پر خارج

Published On 26 September,2025 11:21 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری سے متعلق درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کردیا، آئینی بنچ کے سربراہ جسٹس کے کے آغا نے فیصلہ تحریر کیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار وکلا نے قابلِ سماعت ہونے پر دلائل دینے سے انکار کیا اور کمرہ عدالت چھوڑ کر چلے گئے، عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزاروں کا رویہ واضح طور پر عدم دلچسپی ظاہر کرتا ہے لہٰذا ساتوں درخواستیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کی جاتی ہیں۔

فیصلے کے مطابق جسٹس طارق محمود جہانگیری نے عدالت کی اجازت سے باوقار انداز میں بات کی تاہم درخواست کے کسی نکتے پر بحث نہیں کی اور بعدازاں کمرہ عدالت سے چلے گئے، ان کی فریق بننے کی درخواست بھی عدم پیروی پر خارج کردی گئی۔

جسٹس کے کے آغا نے مشاہدہ کیا کہ وکلا نے دورانِ سماعت عدالتی وقار کو مجروح کیا، نعرے بازی کی اور عدالتی کارروائی کو دانستہ متاثر کیا جو کہ سینئر وکلا کے شایانِ شان رویہ نہیں، عدالت نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے وکلا کے خلاف کوئی نوٹس جاری نہیں کیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالتی کارروائی کو وکلا کی خواہش کے سامنے یرغمال نہیں بنایا جا سکتا، کارروائی کس طرح چلانی ہے یہ عدالت کا اختیار ہے، ساتھ ہی رجسٹرار کو ہدایت دی گئی کہ سماعت کے دوران اندر اور باہر کی سی سی ٹی وی و آڈیو ریکارڈنگ فوری طور پر محفوظ کی جائیں۔