فیصل آباد :(دنیا نیوز) وزیرِاعظم کے مشیر اور سینیٹررانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ حکومت کی بہترین سفارتی پالیسی کی بدولت دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا۔
پنجاب کے ضلع فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کا معیارزندگی بہتربنانےکےلیےکوشاں ہے، کل یہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پُرتپاک استقبال کیاجائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فیصل آباد کے لیے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے دیے گئے ہیں، یہاں اربوں روپے کے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، یہاں میٹروبس کا پراجیکٹ اِسی سال مکمل ہوگا، عوام کوآسان سفری سہولت میسرآئےگی۔
مشیر وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سفارتی محاذ میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں،حکومت کی بہترین سفارتی پالیسی کی بدولت دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا،پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کو بھرپور ریلیف فراہم کیا، صوبائی حکومت نے سیلاب کے دوران 25 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، مریم نواز نے سیلاب متاثرین کو اپنا مہمان قرار دیا۔
پاک بھارت فائنل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا مزید کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو پریشر میں نہ آنے کا مشورہ ہے، آج کا میچ جیتیں، ہم چاہتے ہیں کھیل کے میدان میں ہمارا پرچم بلند ہو ،یہ کھیل کا میدان ہے اس کو کھیل کے طور پر ہی لینا چاہیے۔