لندن: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ کئی دیگر ممالک پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔
لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا پاکستان نے معرکہ حق میں اپنے آپ کو دفاعی طور پر ثابت کردیا ہے ، اب معاشی طاقت بننے کا وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاہدے میں دونوں ملکوں کا فائدہ ہے، کسی ملک کو اس معاہدے پر تحفظات نہیں بلکہ کئی دیگر ممالک بھی پاکستان کے ساتھ اس طرح کے معاہدے کرنا چاہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مقدمات سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔
یاد رہے کہ 17 ستمبر کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دارالحکومت ریاض میں باہمی دفاعی معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت کسی بھی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
دوسری طرف پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ ایران کو بھی پاک سعودیہ معاہدے میں شامل ہو جانا چاہئے۔