پیپلزپارٹی والے مریم نواز کی کارکردگی سے خوفزدہ ہیں: عظمیٰ بخاری

Published On 01 October,2025 11:02 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی والے مریم نواز کی پرفارمنس سے خوفزدہ ہو کر الٹے سیدھے بیانات دیتے ہیں، سیزفائر دوسری جانب سے ہو جائے تو مناسب ہے کیونکہ یہ معاملہ ہم نے شروع نہیں کیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اگر اتحادی ڈھنگ کا مشورہ دیں تو ہم کیوں نہیں لیں گے، پنجاب پر سیلاب کی صورت میں بڑی آفت آئی، آپ کا سیلاب سے نمٹنے میں کوئی کردار نہیں، آپ نے پنجاب گورنمنٹ کی مدد کے بجائے سیلابی صورتحال پر سیاست شروع کر دی۔

انہوں نے کہا کہ آپ کسان کی بات بھی کرتے ہیں، کسان کو امدادی قیمت آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے نہیں دی جا رہی، سندھ میں بھی کسان کو قیمت نہیں دی گئی وہاں بھی گندم پیدا ہوتی ہے، بار بار ان کے لوگ اٹھ کر کہتے ہیں پنجاب کا کسان مرگیا، سندھ کا کسان کیوں نہیں مرا؟

ان کا کہنا تھا کہ ہر بات پر ٹانگ کھینچنا اور صوبے کے انتظامی معاملات میں گھسنا مناسب نہیں، کیا ہم نے کبھی پوچھا ہے کہ سندھ میں کیا ہو رہا ہے؟ ہماری طرف کوئی کنفیوژن نہیں، کنفیوژن دوسری طرف ہے، سندھ میں سیلاب آیا تو ہماری حکومت نے کوئی سیاسی بیان نہیں دیا، وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب میں سندھ کو سپورٹ کیا، سندھ میں بہت سارے پروجیکٹ وفاق کی مدد سے چل رہے ہیں، پنجاب میں کوئی ایسا پروگرام نہیں جو وفاق کی مدد سے چل رہا ہو۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ بھی بات کی گئی کہ بیرونی امداد کیوں نہیں لی، ہم بیرونی امداد نہیں لینا چاہتے کیا کوئی زبردستی ہے؟ پنجاب اگر 25 لاکھ افراد، 21 لاکھ مویشیوں کو سیلاب میں ریسکیو کر سکتا ہے تو وہ ان کی واپس آبادکاری بھی کر سکتا ہے، آپ اس اقدام کو سراہیں کہ پنجاب اپنے وسائل سے سب کچھ کر رہا ہے کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلا رہا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ بضد ہیں کہ آپ دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلائیں اور بیرونی امداد لیں، ایسا نہیں ہوسکتا، بی آئی ایس پی سے کسی کو کوئی مسئلہ نہیں، نوازشریف کے دور میں وفاقی حکومت کی جانب سے بی آئی ایس پی کو قانونی حیثیت بھی دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ سیلاب متاثرین کی بی آئی ایس پی سے مدد کی جائے، کئی کاشتکار ایسے ہوں گے جن کا بی آئی ایس پی سے لینا دینا نہیں، جو بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ نہیں ان کی ہم کیسے مدد کریں گے؟ آپ کو بی آئی ایس پی کا کارڈ بیچنے کی سیلاب میں ضرورت محسوس ہوئی؟

ان کا کہنا تھا کہ سیز فائر کا آپشن بالکل موجود ہوتا ہے، یہ معاملہ ہم نے شروع نہیں کیا نا اس کو ختم کرنے کی ہماری طرف سے کوئی گارنٹی ہے، پیپلزپارٹی پنجاب سیلاب متاثرین کیلئے اتحادی کے طور پر مل کر کام کرنا چاہے تو ہم حاضر ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو وزیراعلیٰ مریم نواز کی پرفارمنس سے خوف آتا ہے، یہ خوف کا شکار ہو کر الٹے سیدھے بیانات دیتے ہیں، سیزفائر دوسری جانب سے ہو جائے تو مناسب ہے کیونکہ یہ معاملہ ہم نے شروع نہیں کیا، مفروضوں پر بات کرنا نامناسب ہے۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ہماری اتحادی جماعت ہے، ملکی استحکام کیلئے یہ ضروری ہے، سندھ میں ٹرانسپورٹ کی حالت ٹھیک ہوجائے تو ہمیں خوشی ہوگی، آپ کی 17 سال سے سندھ میں حکومت ہے، کارکردگی پر مقابلہ ہونا چاہیے، خوامخواہ الزام تراشی اورپرفارم کرتی حکومت پر تنقید کی جاتی ہے، ان کے کچھ لوگ رہتے پنجاب میں ہیں اور سیاست کسی اور صوبے کیلئے کرتے ہیں۔