لاہور: (دنیا نیوز) صوبہ پنجاب میں موسم بدلنے لگا، مختلف شہروں میں رات کا درجہ حرارت گر گیا۔
پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار سموگ کی پیشگی اطلاع، تجزیے اور موسمیاتی نگرانی کے جدید نظام نے ڈیٹا جاری کر دیا، جس کے مطابق سموگ کی صورتحال قابو میں ہے، موسمی پیشگوئی کے جدید نظام کی مدد سے سردی اور سموگ کے سیزن میں پیشگی معلومات پہلی بار دستیاب ہوں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر گزشتہ سال سے بڑھ کر سموگ سے بچاؤ، احتیاطی تدابیر اور قابو پانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نواز نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو سموگ سے بچاؤ کے گرینڈ صوبائی آپریشن کی نگرانی کی ذمہ داری سونپ دی، فضائی آلودگی کے معیار کی مسلسل نگرانی جاری رہے گی۔
بھارت کی طرف ماضی کی طرح چاول کی فصل کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والی سموگ کی صورتحال تاحال دیکھنے میں نہیں آئی، بھارت کے شمالی پنجاب کے علاقوں میں فصل کی باقیات جلانے سے آلودگی پیدا ہو رہی ہے، ہواؤں کا رخ بدلنے سے یہ آلودگی اگلے ماہ پاکستان میں آئے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام متعلقہ وزارتیں اور محکمے گزشتہ سال کے تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کر رہے ہیں۔
لاہور میں ہوا کا معیار 152، قصور میں 144، سیالکوٹ میں 154، گوجرانوالہ میں 160 فیصل آباد میں 156، ملتان میں 139، بہاولپور میں 115، راولپنڈی میں 114 اور مری میں 48 ریکارڈ کیا گیا، ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے موسم کے خشک ہونے اور آلودگی میں کمی کا باعث بن رہا ہے، دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 36 اور رات کو 25 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، شمال سے مشرق کی طرف ہواؤں کا بہاؤ جاری ہے، 30 ستمبر کو ہوا کی دو سے چھ میل فی گھنٹہ کی کم رفتار دیکھنے میں آئی۔
پنجاب کے شہروں میں سموگ سے بچاؤ کیلئے انتظامات کی نگرانی کے لئے ماحولیاتی تحفظ کا ادارہ اور ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئے۔
فصلوں کی باقیات، پلاسٹک جلانے، آلودگی اور دھواں پھیلانے پر سخت کارروائی کی جائے گی، کھلے مقامات پر کوڑا جلانے کی پابندی، زیرتعمیر عمارات کا ملبہ ڈھانپنے اور ڈھکن والے کوڑے دان یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ستھرا پنجاب کی ٹیموں کو بھی پورے پنجاب میں متحرک کر دیا گیا، پانی کے چھڑکاؤ اور صفائی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں، جبکہ پولیس سمیت دیگر اداروں کو بھی اینٹی سموگ آپریشن میں معاونت کی ہدایت کی گئی ہے۔
گزشتہ برس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب کو گرین بنانے اور آلودگی سے پاک کرنے کیلئے ریکارڈ اقدامات کئے ہیں۔
موسمی پیشگوئی کے جدید نظام اور طریقوں کو لاگو کیا گیا، جدید ٹیکنالوجی، جدید زرعی مشینری اور آلودگی پر قابو پانے کی فورس کی تشکیل سے پنجاب ماحولیاتی شعبے میں لیڈکر رہا ہے۔
پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی کے حامل ہوا کے معیار جانچنے والے پہلی دفعہ 43 آلات نصب اور سٹیشن بنائے گئے ہیں۔