سابق سینیٹر اعجاز چودھری کی 10 سال سزا کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

Published On 04 October,2025 05:53 pm

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ افس نے سابق سینیٹر اعجاز چودھری کی 10 سال سزا کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔

جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 7 اکتوبر کو سماعت کرے گا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ شیر پاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس میں سزا کے خلاف درخواست پر سماعت کرے گا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس سزا سنائی، پولیس نے سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کئے، مقدمہ کے گواہان نے درخواست گزار کو جلاؤ گھیراؤ کرتے نہیں دیکھا۔

درخواست گزار پر لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے، لوگوں کو تشدد پر اکسانے کے حوالے سے شواہد موجود نہیں ہیں، درخواست گزار کا جلاؤ گھیراؤ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

عدالت نے درخواست گزار کو دس سال قید کی سزا سنائی ہے جو کہ انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے، عدالت ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔