غزہ معاہدہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن قائم کرنے کا ایک تاریخی موقع ہے: وزیراعظم

Published On 09 October,2025 10:06 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ معاہدہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن قائم کرنے کا ایک تاریخی موقع ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کیلئے معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہوں، معاہدے کے لئے امریکی صدر ٹرمپ کی کوشش، عالمی امن کیلئے اُن کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قطر، مصر اور ترکیے کے رہنماؤں کو بھی معاہدہ طے کرنے کی مسلسل کوششوں پر خراجِ تحسین پیش کیا جانا چاہیے، سب سے بڑھ کر ہمیں فلسطینی قوم کو سلام پیش کرنا چاہیے، جنہوں نے بے مثال قربانیاں دیں، ایسی تکلیف دہ صورتحال دوبارہ نہیں دہرائی جانی چاہیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسجد الاقصیٰ پر حالیہ اشتعال انگیز واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم اپنے شراکت داروں، دوستوں اور برادر ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے تاکہ فلسطینی عوام کیلئے امن، سلامتی اور وقار ان کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جاری جنگ روکنے اور غزہ میں یرغمال قیدیوں کی رہائی کیلئے امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر مصر میں دستخط کر لئے گئے ہیں۔