گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا کو گنڈا پور کا استعفیٰ موصول، فوری منظوری سے معذرت

Published On 11 October,2025 04:38 pm

پشاور:(دنیا نیوز) گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کردی جب انہوں نے فوری منظوری سے معذرت کرلی۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو آج علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہوگیا جسے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی بریگیڈیئر (ر)مصدق عباسی گورنر ہاؤس لے کرگئے۔

یہ بھی پڑھیں:علی امین کا استعفیٰ منظور نہ ہونے کی صورت میں پی ٹی آئی کا متبادل منصوبہ تیار

مصدق عباسی نے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گورنر ہاؤس کے کیئرٹیکر کے حوالے کیا اور کیئر ٹیکر نے استعفیٰ وصول کرکے رسید بھی دی جب کہ استعفے کی وصولی کی رسید پر ڈھائی بجے دوپہر کا وقت درج ہے۔

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ آج ڈھائی بجے وزیرا علیٰ کا ہاتھ سے لکھا استعفی موصول ہوا ہے جس پر 11 اکتوبر کی تاریخ درج ہے، استعفے کی جانچ پڑتال اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اس پر باقاعدہ عملدرآمد ہوگا۔

علاوہ ازیں ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا نے فوری طور پر علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور کرنے سے معذرت کرلی، استعفیٰ پر گورنر ہاؤس نے ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کر لی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ گورنر خیبر پختونخوا نے معاملے پر حتمی آئینی رائے اور مشاورت کے لیے پیر کو قانونی ٹیم کو طلب کرلیا،کل اتوار کے باعث گورنر ہاؤس کا قانونی عملہ دستیاب نہیں ہوگا، پیر کو استعفیٰ سے متعلق آئینی تقاضوں، ممکنہ پیچیدگیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔