جلاؤ گھیراؤ اور امن تباہ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے: عطا تارڑ

Published On 16 October,2025 07:49 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ اور امن تباہ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔

وفاقی دارالحکومت میں محسن نقوی،سردارمحمد یوسف،طلال چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان نےفلسطین کا معاملہ ہرعالمی فورم پرلڑا،پاکستان میں احتجاج کےنام پرپرتشدد کارروائیاں کی گئیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان نےہر طرح سے فلسطینی بہن بھائیوں کا ساتھ دیا،جنگ بندی معاہدے سے فلسطینی سجدہ ریز ہوئے، پوری دنیا میں فلسطینیوں کےحق میں پرامن مظاہرے کیےگئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مہذب دنیا میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہروں جن میں لندن، اٹلی، برطانیہ میں ایک گملا نہیں ٹوٹا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ فلسطین کے حق میں یہ کیسا احتجاج ہے جس میں جدید ہتھیار، خنجر، چاقو اٹھائے لوگ شریک ہوئے، احتجاج کرنے والوں کو یہ حق کس نے دیا کہ وہ سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچائیں، مظاہرین نے پولیس انسپکٹر کو شہید کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہید انسپکٹر کا کیا قصور تھا کہ اسے اکیس گولیاں ماری گئیں، جلاؤ گھیراؤ اور امن تباہ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، سو سے زائد پولیس اہلکاروں کو احتجاج کے دوران تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مظاہرین سے کہا تھا کہ آپ واپس چلے جائیں کچھ نہیں کہا جائے گا، مظاہرین ہر دفعہ مذاکرات میں نئی شرائط سامنے لے آتے تھے، لبیک یارسول کا نعرہ ہم سب کا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ٹی ایل پی کے ساتھ آخری وقت تک مذاکرات کرتے رہے، کارروائی صرف پرتشدد مظاہرین کےخلاف کی گئی، پولیس نے راستہ کلیئر کرایا، پرامن احتجاج سب کا حق ہے،جلاؤ گھیراؤ کا نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ سڑکیں کھلوانے والے پولیس اور انتظامیہ کے افسران شاباش کے مستحق ہیں، ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات نہ ہونے کا تاثرغلط ہے۔
سردار محمد یوسف
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ ٹی ایل پی والوں نے پولیس پر گولیاں برسائیں، گولیاں چلانے اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی، کل علما کرام جنگ بندی کے حوالے سے اظہار تشکر منائیں۔