کراچی میں ہیوی ٹریفک پر دو ماہ کیلئے نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی

Published On 20 October,2025 07:05 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں ہیوی ٹریفک پر دو ماہ کے لیے نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی گئی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق کمشنر کراچی کی ہدایت پر پابندی 18 اکتوبر سے 17 دسمبر 2025 تک نافذ رہے گی، فیصلہ شہر میں ٹریفک کی روانی اور عوامی تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

دفعہ 144 کے تحت ہیوی ٹریفک اور ڈمپرز کی نقل و حرکت محدود ہوگی، رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک ڈمپرز کے داخلے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق اشیائے ضروریہ لے جانے والی گاڑیاں پابندی سے مستثنیٰ قرار دی گئی ہیں، تعمیراتی میٹریل لے جانے والے ڈمپرز پر مکمل پابندی برقرار ہے۔

تین مخصوص راستے ہیوی ٹریفک کے لیے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سپر ہائی وے سے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تک آمدورفت کی اجازت ہوگی۔

اسی طرح نیشنل ہائی وے سے جام صادق پل تک مخصوص روٹ پر ہیوی ٹریفک چلانے کی مشروط اجازت ہوگی، ناردرن بائی پاس سے کراچی پورٹ تک مخصوص راستے پر ٹریفک کی اجازت ہو گی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق منظور شدہ ٹریکر والے ڈمپرز کو صنعتی علاقوں میں جانے دیا جائے گا، سی سی ٹی وی کیمرے لگی اور ٹریفک پولیس مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک گاڑیاں مستثنیٰ قرار دی گئی ہیں۔