کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران 4 زخمی ڈاکوؤں کو حراست میں لے لیا گیا۔
سعیدآباد پولیس نے میمن کالونی میں مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ریسکیو حکام نے بتایاکہ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا،جہاں ان کی شناخت صدام حسین اور سائیں بخش کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ان کے قبضے سے ایک پستول، چھینے گئے موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی۔
چاکیواڑہ پولیس نے لیاری کے علاقے میرانکہ کے قریب ایک اور مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، گرفتار ملزم کی شناخت بلال عرف ٹینشن کے نام سے ہوئی ہے، جسے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کر لی۔
کلاکوٹ پولیس نے لیاری کے علاقے مرزا آدم خان روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک اور ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا، ریسکیو حکام کے مطابق ملزم کی شناخت حارث کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔