لاہور: (دنیا نیوز) دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور ایک مرتبہ پھر پہلے نمبر پر آگیا جبکہ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی چوتھے نمبر پر ہے۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب میں فضائی آلودگی سے کاروبارِ زندگی شدید متاثر ہو سکتا ہے۔
فضائی آلودگی کے عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق آج لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے، بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی دوسرے، کلکتہ تیسرے اور کراچی چوتھے نمبر پر رہا۔
صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے لاہور میں ایئر کوالٹی 312، نئی دہلی میں 206، کلکتہ میں 174 اور کراچی میں 173 ریکارڈ کی گئی، اس وقت لاہور میں سموگ کی اوسط شرح 362 ہے جبکہ لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن کا ایئر کوالٹی انڈیکس 589 تک پہنچا ہے۔
پنجاب ایئر کوالٹی انڈکس کے مطابق چک جھمرہ کا فضائی معیار سب سے خراب رہا جہاں ایئر کوالٹی 664 ریکارڈ کی گئی، فیصل آباد میں ایئر کوالٹی 579، رائیونڈ میں 470، قصور میں 439 اور پتوکی میں 362 ریکارڈ کی گئی، ملتان میں بھی صورتحال خراب ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین ماحولیات کے مطابق اس سطح کی آلودگی انسانی صحت کے لیے نہایت نقصان دہ ہے، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب حکومت پنجاب کی جانب سے اینٹی اسموگ گن کا استعمال بھی جاری ہے تاکہ فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکی۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نےکہا ہے کہ اسموگ کی وجہ سے کاروبارِ زندگی شدید متاثر ہوسکتا ہے، حکومت سموگ سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کنیئرڈ کالج لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے، عوام کے تعاون کے بغیر فضائی آلودگی پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اسموگ کی وجوہات کا خاتمہ کرنا اور اپنی فضا کو صاف ستھرا رکھنا ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا گیا ہے، پنجاب بھر کے لیے اسموگ وار روم قائم کیا گیا ہے، کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی اطلاع کے لیے ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔
دوسری طرف پنجاب بھر میں سموگ کی وجہ سے سانس کی بیماریاں پھیلنے لگی ہیں، ہسپتالوں میں گلے ناک اور چھاتی کے مریضوں کا رش بڑھ رہا ہے، سموگ سے خاص کر بچے متاثر ہو رہے ہیں۔



