اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارت کی منظم پروپیگنڈا مشینری ایک بار پھر پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مہم اور جھوٹے دعوؤں میں مصروف ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی اور افغان سوشل میڈیا اکاؤنٹس خطے میں عدم استحکام پھیلانے اور فتنہ الخوارج (ٹی ٹی پی) کے زہریلے بیانیے کو فروغ دینے میں سرگرم ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارتی اور افغان اکاؤنٹس کی جانب سے ایک منظم ڈس انفارمیشن مہم کے تحت پاک فوج کے خلاف جھوٹ پھیلانے کی کوشش کی گئی۔
بھارتی پروپیگنڈا نیٹ ورکس نے ٹی ٹی پی کے میڈیا ونگ "اوسینٹ ٹی وی" کا حوالہ دیتے ہوئے جھوٹا دعویٰ کیا کہ پاک فوج کے کچھ جوانوں نے مبینہ طور پر طالبان میں شمولیت اختیار کر لی ہے تاہم سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے کسی اہلکار کی جانب سے ایسا کوئی واقعہ پیش آیا اور نہ ہی کسی سطح پر رپورٹ ہوا ہے۔
یہ مہم بھارت اور افغان سرزمین سے چلائے جانے والے پراکسی نیٹ ورکس کا حصہ ہے جن کا مقصد پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانا اور دہشت گردوں کے بیانیے کو تقویت دینا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پروپیگنڈا مودی سرکار کے اس پرانے حربے کی تازہ کڑی ہے جس کے تحت وہ اپنی داخلی ناکامیوں اور فتنہ الخوارج کی پشت پناہی کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا پلیٹ فارمز اور مودی حکومت کے زیر اثر سائبر سیلز باقاعدہ طور پر پاکستان مخالف مواد پھیلانے میں ملوث ہیں جنہیں خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی سکیورٹی حکام نے موقف اپنایا ہے کہ بھارت کی جھوٹی مہمات پاکستان کے عزم و حوصلے کو کمزور نہیں کر سکتیں، قوم اور افواج دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔



