راولپنڈی:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع کُرم میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران انڈین سپانسرڈ 7 خوارجی جہنم واصل کردئیے گئے جبکہ کیپٹن نعمان سلیم سمیت 6 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع کرم میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا، اِس دوران شرپسندوں سے جوانوں پر فائرنگ کردی، اہلکاروں نے بھی بھر پور جواب دیتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مارے گئے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا،شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن نعمان سلیم اور 5 بہادر سپوت شہید ہوگئے۔
کیپٹن نعمان سلیم کا تعلق پنجاب کے ضلع میانوالی سے تھا اور پاک فوج کے نوجوان میڈیکل افسر تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ حوالدار امجد علی، راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ نائیک وقاص احمد، سندھ کے ضلع شکار پور سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ سپاہی اعجاز علی، ضلع جہلم سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ سپاہی محمد ولید اور ضلع خیرپور سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ سپاہی محمد شہباز شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں موجود دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔



