پاک بحریہ قومی خود مختاری کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہے: نیول چیف

Published On 29 October,2025 10:06 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاک بحریہ قومی خودمختاری کے تحفظ اور سمندری سرحدوں کے ہر انچ کے دفاع کیلئے ہمہ وقت پوری طرح تیار ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس کی صدارت چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کی۔

کانفرنس میں نیول چیف نے ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مسلسل جنگی تیاری برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام اور علاقائی سمندری سلامتی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کا کلیدی کردار ہے۔

ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے، کانفرنس میں قومی سلامتی کے اہداف کے مطابق حکمت عملی اور پالیسیاں مرتب کی جاتی ہیں۔

کانفرنس میں آپریشنل تیاری، جاری منصوبوں اور آئندہ پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور شرکاء کو پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔